آج کے اس ترقی یافتہ دور میں رابطے کا آسان ترین ذریعہ فیس بک ہے اور اس کا استعمال کسے پسند نہیں بچے، جوان، مرد اور خواتین سبھی اس کے دیوانے ہیں لیکن امریکا کی ایک خاتون نے سبھی کو پیچھے چھوڑ دیا اور 113 سال کی عمر میں فیس بک استعمال کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا تاہم زندگی نے انہیں صرف ایک سال ہی فیس بک سے لطف اٹھانے کا موقع دیا اور وہ 114 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
امریکی ریاست مینیسوٹا کی رہائشی اینا اسٹوئر نے جب فیس بک پر اپنے سفر کا آغا زکیا تو انہوں نے اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیا کیونکہ ان کی پیدائش 1900 تھی جب کہ فیس بک پر موجود آپشن میں 1905میں یا اس کے بعد پیدا ہونے والے ہی اپنی تاریخ پیدائش لکھ سکتے تھے۔ اینا نے اس بات کا انکشاف 4 ماہ
قبل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ جھوٹ اس لیے بولا کہ فیس بک پر سائن اپ ہونے کے لئے اس کے علاوہ اس کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ ان کے 84 سال کے بیٹے ہارلین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی والدہ کو 114 ویں سالگرہ پر فیس بک کی جانب سے جو گلدستہ پیش کیا گیا اس میں 114 پھول لگائے گئے تھے۔
اینا کی بہو مارلین کا کہنا تھا کہ فیس بک کے چیف ایگزیکٹیو مارک زکربرگ کو جب اینا کے بارے میں پتہ چلا تو وہ کمپنی کی جانب سے عمر کے آپشن میں پابندی پر ایک معذرت نامہ لے کر ان کے گھر پہنچے تھے لیکن اینا کے اسپتال جانے کے باعث یہ ملاقات نہ ہوسکی۔ اینا کو فیس بک سے دلچسپی 113 سال کی عمر میں اپنے ایک سیلز مین دوست سے رابطے کی وجہ سے پیدا ہوئی اور اسی دوست نے انہیں فیس بک پر چیٹنگ اور ای میل کرنا سکھایا۔